نئی دہلی، 26/ جون (ایس او نیوز /ایجنسی) دہلی کے وزیر اعلی اور عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال کو سی بی آئی نے گرفتار کر لیا ہے۔ اس معاملے پر ان کی اہلیہ سنیتا کا ردعمل سامنے آیا ہے۔ سنیتا کیجریوال نے بدھ کو الزام لگایا کہ پورا نظام اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہا ہے کہ ان کے شوہر اروند کیجریوال جیل سے باہر نہ آئیں۔
سنیتا کیجریوال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کیا کہ ان کے شوہر کو 20 جون کو شراب گھوٹالہ سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت مل گئی تھی، لیکن انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے فوری طور پر روک لگا دی۔ اگلے ہی دن سی بی آئی نے انہیں ملزم بنا دیا۔ اور آج انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ پورا نظام اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہا ہے کہ کیجریوال جیل سے باہر نہ آئے۔ یہ قانون نہیں ہے۔ بی جے پی نے جوابی وار کیا۔
بی جے پی لیڈر سمبت پاترا نے دہلی میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ میڈم (سنیتا) کیجریوال نے کہا ہے کہ ای ڈی اور سی بی آئی تانا شاہی کر رہے ہیں۔ آپ ان سے کیا کہنے کی توقع رکھتے ہیں؟ حالانکہ وہ سب کچھ جانتی ہیں لیکن وہ یہ نہیں کہیں گی کہ جو ہوا وہ صحیح ہے۔ اروند کیجریوال نے ایکسائز پالیسی گھوٹالہ کیا اور سی بی آئی کی جانب سے ان کے خلاف ثبوت دکھانے کے بعد گرفتار کر لیا گیا۔ سمبت پاترا نے یہ بھی کہا کہ کوئی بیوی یا ماں یہ نہیں کہتی کہ اس کے شوہر یا بیٹے نے چوری کی ہے۔ بی جے پی لیڈر نے لالو پرساد یادو کی مثال بھی دی۔